اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان لاہور پہنچ گئے، دورے میں عمران خان گورنرپنجاب چوہدری سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعظم کوصوبائی محکموں کی کارکردگی پربریفنگ بھی دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران ایک روزہ دورے پرلاہور پہنچ گئے ، گورنرپنجاب چوہدری سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا
وزیراعظم بذریعہ ہیلی کاپٹرکچھ دیر بعد ننکانہ صاحب روانہ ہوں گے، جہاں وہ بابا گرو نانک یونیورسٹی کا افتتاح کریں گے.
دورے کے دوران عمران خان گورنر چوہدری سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقاتیں کریں گے اور ننکانہ صاحب سےواپسی پر وزیراعظم ایوان وزیراعلیٰ میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں آزادی مارچ سےمتعلق لائحہ عمل پربھی بریفنگ دی جائے گی جبکہ صوبائی محکموں کے سربراہان وزیراعظم کو منصوبوں پر بریفنگ دیں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعظم کو صوبائی معاملات، ترقیاتی منصوبوں اور پارٹی کے امور پر تفصیل سے آگاہ کریں گے اور عوامی سہولیات کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بریف کریں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو آب پاک اتھارٹی منصوبے میں پیشرفت سے آگاہ کیا جائے اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورسے صاف پانی منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہی لیں گے۔
یاد رہے 21 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان نے کراچی کا دورہ بھی کیا تھا جس میں انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل، پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور اتحادی جماعت ایم کیوایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔
وزیراعظم بلوچستان کے شہر حب بھی گئے تھے جہاںانہوں نے چین کے تعاون سے بنائے گئے 1320 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کا افتتاح اور تقریب سے خطاب کیا تھا۔