وزیراعظم نے غذر میں 300 انسانی جانیں بچانیوالے چرواہوں کو اسلام آباد مدعو کرلیا

اسلام آباد(24 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے غذر میں 300 انسانی جانیں بچانیوالے چرواہوں کو اسلام آباد مدعو کرلیا۔

گزشتہ دنوں گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے علاقے تلی داس میں رات گئے گلیشیئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، جس کے باعث متعدد دیہات زیرآب آگئے اور درجنوں افراد پھنس گئے۔

تاہم گلیشئر پھٹنے کی برقت اطلاع دے کر بہادر چرواہا محمد خان کئی قیمتی جانیں بچانے کا سبب بنا تھا، واقعے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد خان نے بتایا دھماکے کی آواز سن کر جاگا تھا، پھر بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

چرواہے محمد خان نے بتایا تھا کہ جان کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کو بچانے کی کوشش کی، ہماری اطلاع پر سیکڑوں جانیں بچ گئیں لیکن ہماری جان کو خطرہ تھا، پاک فوج بروقت ریسکیو نہ کرتی تو ہم 6 افراد زندہ نہ بچتے، ریسکیو کرنے پر پاک فوج کا انتہائی مشکور ہوں۔

اب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے غذر میں 300 انسانی جانیں بچانیوالے چرواہوں کو اسلام آباد مدعو کرلیا ہے، وصیت خان، انصار اور محمد خان کو وزیراعظم سیکریٹریٹ کی جانب سے مدعو کیا گیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف تینوں چرواہوں کی حوصلہ افزائی کریں گے اور انہیں انعامات دیں گے۔

https://urdu.arynews.tv/shepherd-ghizer-hundreds-lives-saved-glacier/