نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے 7 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے سات رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جس کا سیکریٹریٹ وزارت داخلہ میں ہوگا۔
کمیٹی کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق موصلات، میری ٹائم افیئرز اور ریلوے کے وزیر کمیٹی کے کنوینر ہوں گے، ان کے علاوہ وفاقی سیکریٹری داخلہ سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
یہ کمیٹی انتخابات کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ انتطامی معاملات، محکموں میں روابط، امن وامان کی صورتحال اور ہنگامی ضرورتوں کو بھی دیکھے گی۔
نوٹیفکیشن میں وضع کردہ دائرہ کار کے مطابق خصوصی کمیٹی الیکشن سے متعلق اضافی سیکیورٹی کی فراہمی کیلیے فوری ہدایات دے گی اور شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائے گی۔