پاک چین دوستی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم

شہباز شریف پاک چین

اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان کی لازوال دوستی جاری رہے گی اور اس دوستی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین نے مختلف شعبوں میں مفاہمت کی چھ یادداشتوں پر دستخط کردیے، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور چینی نائب وزیر اعظم ہی لیفینگ بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا سی پیک منصوبے کا10سال پہلے سنگ بنیاد رکھا گیا، سی پیک منصوبے کے تحت 25 ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ ہوچکی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی لازوال دوستی جاری رہے گی ، سی پیک سے دونوں ممالک کےعوام کےدرمیان رشتہ مضبوط ہوا، سی پیک کے تحت اہم منصوبوں کو جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے ، جس سے زراعت اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کےشعبے میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

انھوں نے واضح کیا کہ پاک چین دوستی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔