چین کا پاکستانی حکومت کے ساتھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون درکار ہے، وزیراعظم

شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین کا پاکستانی حکومت کے ساتھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون درکار ہے، چینی وطن واپسی سے پہلے معاہدہ پر دستخط کرکے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چینی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ماہرین کے خصوصی وفد کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں احسن اقبال، شیری رحمان،چیئرمین این ڈی ایم اے،چیئرمین این ایف آرسی سی ودیگرشریک ہوئے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ چین کا پاکستانی حکومت کے ساتھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون درکار ہے، چینی وفد کو تجویز دوں گا کہ وطن واپسی سے پہلے معاہدہ پر دستخط کرکے جائیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی مشکل گھڑی میں مدد پر چینی قیادت اور عوام کےشکر گزار ہیں، چین نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی، یہ پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کی عمدہ مثال ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقے ابھی بھی زیر آب ہیں ، پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں نئے چیلنجز کو جنم دے رہی ہیں ، چینی کمپنیوں کی طرف سے فلڈ ریلیف فنڈمیں عطیات پر مشکور ہیں۔

شہبازشریف نے چینی وفد کی کاوشوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا چینی ماہرین کا تجربہ، پاکستان کیلئے مستقبل میں بھی مفید ثابت ہوگا۔