اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا 76ویں یوم آزادی پر قوم کے نام پیغام میں کہنا تھا کہ آئیے آج کے دن ہم اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو یاد کریں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سمندرپار پاکستانیوں سمیت پوری قوم کودل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، 14اگست کوآزادی کی تاریخی جدوجہد ریاست پاکستان کے قیام پراختتام پذیرہوئی۔
انہوں نے کہا کہ آئیے آج کے دن ہم اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو یاد کریں، ان اقدار کو برقرار رکھنے کا عہد کریں جو ہماری عظیم قوم کی شناخت ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 14اگست پاکستانی قوم کی لچک، حوصلے اور آزادی کیلئے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے، قائد اعظم نے یہ ثابت کیا کہ مسلمانوں کا الگ قوم، علیحدہ وطن کا مطالبہ تاریخی طور پر جائز تھا۔
شہبازشریف نے کہا کہ ہمیں اس جذبے کو ابھارنے کی ضرورت ہے جو تحریک آزادی کی پہچان تھا، اتحاد، خود اعتمادی کے اسباق کوبروئے کار لاکر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ یوم آزادی پر ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیریوں کو سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔