وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے پر اتفاق

ریاض : وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کونئی بلندیوں تک پہنچانے اور بڑھانےپراتفاق کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب کے ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان سے اچھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کونئی بلندیوں تک پہنچانے اور بڑھانے پر اتفاق کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کو بتایا کہ پاکستان کے لوگ ان کے دورے کے بے صبری سے منتظر ہیں۔

یاد رہے وزیراعظم شہبازشریف دارالحکومت ریاض میں فیوچر انوسٹمنٹ انیشیٹو سربراہی اجلاس سے خطاب کے ملاقات کے لیے پہنچے تو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مرکزی دروازے پروزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور اقتصادی شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم نے عمرے کی ادائیگی بھی کی ، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔