وزیر اعظم کی اسرائیلی وزرا اور آباد کار گروہوں کے مسجد اقصیٰ پر دھاوے کی شدید مذمت

وزیر اعظم کی اسرائیلی وزرا مسجد اقصی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی وزرا اور آباد کار گروہوں کے مسجد اقصیٰ پر دھاوے کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین اور انسانیت کے ضمیر پر حملہ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی وزراء اور آبادکاروں کی دراندازی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین اور انسانیت کے ضمیر پر حملہ قرار دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیلی پولیس کی سرپرستی میں حکومتی وزراء اور آبادکاروں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی، جو دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری اور توہین کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اشتعال انگیز اقدام نہ صرف بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے بلکہ خطے کے امن اور استحکام کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔ شہباز شریف کے مطابق، اسرائیل کی منظم اشتعال انگیزیاں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور بداعتمادی کو بڑھا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جارحیت کا سخت نوٹس لے اور اسرائیل کو انسانی حقوق اور عالمی اصولوں کا پابند بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی روشنی میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک آزاد، خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔