وزیر اعظم شہباز شریف 3 جون کو ترکیہ کا اہم دورہ کریں گے

شہباز ترکیہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 3 جون کو ترکیہ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ترک صدر کی حلف برادری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکیہ کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف 3 جون کو ترکیہ کا اہم دورہ کریں گے، دورے کے دوران وزیر اعظم ترکیہ کے صدر کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دیں گے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم ترک صدر کی حلف برادری کی تقریب میں شرکت کریں گے ، ان کا دورہ ترکیہ پاکستان اورترکیہ کے دیرینہ اوردوستانہ تعلقات کاعکاس ہے۔

بلاول بھٹو کی امریکی سفیر سے ملاقات کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی امریکی سفیر سے ملاقات معمول کا حصہ ہے،وزیر خارجہ اور امریکی سفیر کی ملاقات کا مقصد دوطرفہ تعلقات اورتعاون بڑھانےپراتفاق کرناتھا۔