وزیراعظم شہباز شریف نے بی آئی ایس پی کے تحت ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹس کا اجرا کردیا۔
اے آر واائی نیوز کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت ڈیجیٹل والٹس کا قیام اہم پیش رفت ہے جس کے اجرا پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹر روبینہ خالد اور تمام اسٹیٹ ہولڈر کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، کیش لیس ٹرانزکشن کی طرف یہ بڑا قدم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بی آئی ایس پی ملک سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کررہا ہے، کیش لیس معیشت سے کرپشن کا خاتمہ اور ملک تیزی سے آگے بڑھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کیش لیس معیشت کے حوالے سے ہر ماہ دوبارہ اجلاس کررہا ہے۔
اس سے قبل وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایف بی آر میں عالمی معیار کا جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل دینے کی منظوری دی تھی، پورے ٹیکس نظام کو مربوط اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے قابل بنانے کی ہدایت جاری کی گئی تھیں۔
شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا تھا جس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد چیمہ، بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر، مشرف زیدی سمیت معاشی ماہرین نے شرکت کی تھی۔
اجلاس میں ایف بی آر ڈیٹا کو ایک مرکزی نظام سے جوڑنے اور پوری ویلیو چین کی ریئل ٹائم نگرانی کیلئے جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم پر بریفنگ دی گئی تھی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ محض ڈیجیٹائزیشن کافی نہیں، ایک جامع اور مضبوط نظام کی ضرورت ہے جو خام مال کی تیاری، درآمد، مینوفیکچرنگ اور خریدار تک کے ہر مرحلے کو آپس میں جوڑ دے۔