اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف چین کے اہم دورے پر روانہ ہوگئے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت اور خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے، یہ دورہ 30 اگست سے 4 ستمبر تک جاری رہے گا۔ وزیراعظم کو دورے کی دعوت چینی صدر نے دی ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ وزیراعظم اپنے دورہ چین کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس میں شرکت اور خطاب کریں گے، جہاں وہ ۔ خطے کے عوام کی ترقی کے فروغ سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کریں گے اور پاکستان کی جانب سے قیام امن کی کوششوں اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف چینی صدر اور وزیراعظم سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور بیجنگ میں عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر فوجی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم اپنے قیام کے دوران ممتاز چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ وہ بیجنگ میں پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
وزیراعظم دورہ چین میں چینی کمپنیوں کو پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے بھی آگاہ کریں گے اور دورے کے دوران اہم تجارتی معاہدے بھی متوقع ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ قیادت کی سطح پر دوطرفہ تبادلوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاک چین تعلقات کو مزید گہرا کرنا ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کے بنیادی مفادات پر حمایت جاری رکھیں گے اور سی پیک فیز ٹو سمیت مختلف منصوبوں میں پیشرفت پر بات ہوگی۔