نواز شریف کی قیادت میں ہم سب مل کر سیاسی استحکام لائیں گے، وزیراعظم

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ہم سب مل کر سیاسی استحکام لائیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسپورٹس کمپلیکس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں نواز دور میں پاکستان میں ترقی اور خوشحالی ہوتی تھی، ہم سب مل کر نواز شریف کی قیادت میں سیاسی استحکام لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک میری جان میں جان ہے آپ کی خدمت کرتا رہوں گا، آج شاندار اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا ہے، بطور وزیراعلیٰ 14 اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا تھا اسے بھی بڑے شاندار طریقے سے بنایا گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 2018 میں دھاندلی کے نتیجے میں فسطائی حکومت آئی اور پاکستان کی ترقی کی رفتار کو ختم کردیا گیا، فسطائی حکومت نے ایسے شاندار منصوبوں کو بند کردیا اور نیب کی پیشیاں لگوائیں گئیں، ہمیں کہا گیا کہ لاہور کو صاف کرنے کا جرم کیوں کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک میں سڑکوں کے جال بچھے، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا گیا لیکن ان کی قیادت میں ہونے والی ترقی کو ختم کردیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں اندھیرے ختم کرکے سی پیک شروع کیا، صاف پانی اور گندگی اٹھانے والے منصوبوں پر نیب پیشیاں ہوئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا وہ 75 سال میں دشمن بھی نہ کرسکا، ان واقعات میں جو ملوث ہیں انہیں قانون کے مطابق سزا ملے گی۔