اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سرمایہ کارروں کو نگراں حکومت اور اس کے بعد منتخب حکومت سہولت فراہم کرے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے نائب وزیر صنعت و معدنیات نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں آمد پر آپ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں مدد پر سعودی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں، پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، پاکستانی قوم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی شکر گزار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سرمایہ کارروں کو نگراں حکومت اور اس کے بعد منتخب حکومت سہولت فراہم کرے گی۔
’خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ کونسل سرمایہ کاری کی فوری و بلا تعطل تکمیل یقینی بنائے گی۔ پاکستان میں معدنیات میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ حکومت کا 10 ہزار میگاواٹ شمسی بجلی کا منصوبہ بھی بہترین موقع ہے۔‘
اس موقع پر سعودی وزیر نے کہا کہ کونسل کا قیام پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلیے ایک مثبت پیغام ہے، سعودی عرب پاکستان کے شعبہ معدنیات میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔