وزیر اعظم کی چینی صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف

وزیراعظم کی چینی صدر شی جن پنگ سے وفود کی سطح پر ملاقات

بیجنگ : وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا آپ نے دنیا بھر کے آٹھ سو ملین افراد کو غربت سے نکلنے میں رہنمائی کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ سے اعلیٰ سطح کی ملاقات کی، ملاقات میں ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احسن اقبال،عطا تارڑ، محسن نقوی بھی شریک تھے۔

ملاقات میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا آپ نے دنیا بھر کے آٹھ سو ملین افراد کو غربت سے نکلنے میں رہنمائی کی۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو "طاقت اور استحکام کی علامت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو جیسے منصوبے دونوں ممالک کے درمیان ترقی اور تعاون کی مشترکہ مثال ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔۔ پاکستان کے بیس کروڑ سے زائد عوام چین کی دوستی کو اپنے دل کے قریب سمجھتے ہیں۔

خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورۂ چین کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور تاجک صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس کے علاوہ وہ فاشزم کے خلاف جدوجہد کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت اور پاک-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے تاکہ سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے تیانجن، چین میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس سے خطاب کیا تھا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ایس سی او کے لیے تیانجن میں موجود ہونا میرے لیے باعثِ مسرت ہے۔ میں چینی صدر شی جن پنگ کا ان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے ازبکستان اور کرغزستان کو ان کے قومی دن پر مبارکباد بھی پیش کی۔