وفاقی وزیر برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے لکھا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیا ہے بجلی کی قیمت میں سوا 4 روپے فی یونٹ کی کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اکتوبر کے مہینے میں بجلی کی قیمت میں کمی کی گئی ہے یہ کمی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے لکھا کہ یہ فیصلہ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر کیا گیا ہے عوام پر بوجھ کو دیکھتے ہوئے صارفین کے بجلی کے ریٹ نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
https://urdu.arynews.tv/another-bad-news-for-the-people-suffering-from-expensive-electricity/
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ستمبر میں ختم ہونے والی ایڈجسٹمنٹس کے ریلیف کا راستہ روکنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ نیپرا اور وفاقی وزیر نے ستمبر کے بعد سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا ریلیف نہ دینے کا اعتراف کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ستمبر میں 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ وصولی کی سابقہ ایڈجسٹمنٹس ختم ہو چکی ہے۔ نیپرا نے گزشتہ روز بجلی 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی۔ اکتوبر سے پرانی ایڈجسٹمنٹ جتنی نئی ایڈجسٹمنٹ لاگو کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
نئی ایڈجسٹمنٹ لاگو نہ کرنے سے بجلی 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ سستی ہو سکتی تھی۔ وزیر بجلی نے اعتراف کیا کہ صارفین بجلی کی وہی قیمت ادا کریں گے جو ستمبر میں تھی۔
ادھر نیپرا نے بھی نئی ایڈجسٹمنٹ پہلے والی ایڈجسٹمنٹس کے متبادل چارج کرنے کا اعتراف کرلیا۔ نیپرا نے اکتوبر سے 4 ماہ تک صارفین پر 94 ارب کا اضافی بوجھ ڈالنے کی منظوری دی۔