اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے آزادپیشہ ورانہ سرمایہ کاری اور نیشنل انوویشن ایوارڈز کے اجرا کی تقریب میں شرکت کے دوران کامیاب نوجوانوں میں ایوارڈز تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں نے اپنی قابلیت اور ہنر کی بنیاد پر ایوارڈز جیتے، نوجوانوں نے زراعت کی ترقی کیلیے ڈرونز بنائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں نے کیلے کے چھلکے کو بھی استعمال میں لاکر مصنوعات بنا دیں، نوجوانوں کی قابلیت کو ماضی میں استعمال میں لایا جاتا تو تیزی سے ترقی کی منازل طے ہوتیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور قوم کی ترقی کیلیے مزید سرمایہ کاری کی جائے، ملک کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں نے مشکلات اور چیلنجز کے باوجود ہنر حاصل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دور دراز علاقوں میں مخفی ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور تربیت فراہم کرنا ہے، آئی ٹی کے فروغ کیلیے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر مزید سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔
’اگر وسائل فراہم کیے جائیں تو نوجوان دنیا میں پاکستان کا نام پیدا کریں گے اور ملک کیلیے زرمبادلہ آئے گا۔‘