راولپنڈی: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قرضوں کی زندگی سے ہمیں نجات حاصل کرنا ہوگی، اب ہم نے دن رات محنت کرنی ہے۔
ادارہ تعلیمات اسلامیہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو استحکام، امن اور بھائی چارے کی ضرورت ہے، علمائے کرام کے احترام سے دین و دنیا کی کامیابیاں ملتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان معاشی چیلنج سے گزر رہا ہے، پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی، دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 ماہ کے اندر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، ہمارے پاس تیل اور گیس نہیں مگر زرخیز زمین ہے، اب پاکستان کو معاشی ترقی کیلیے آگے لے کر جانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے و سائل سے ملک میں خوشحالی کا انقلاب لا سکتے ہیں، پاکستان کو معاشی طور پر کھڑا کرنے کیلیے پروگرام بنایا ہے، پہلے نمبر پر زراعت، دوسرے پر آئی ٹی اور پھر معدنیات ہیں۔