آئی ایم ایف نے ہمارے ہاتھ باندھ دیے ہیں، وزیر اعظم

آئی ایم ایف نے ہمارے ہاتھ باندھ دیے ہیں، وزیر اعظم

کراچی: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ہمارے ہاتھ باندھ دیے ہیں لیکن ہم نے ری اسٹرکچرنگ کر لی ہے اس سے نکل جائیں گے۔

چیمبر آف کامرس میں ایکسپورٹ ایورڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی حکومت کی کوششوں سے درپیش ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا، اتحادیوں نے ہر فیصلے میں تعاون کیا جو لائق تحسین ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری سہولت اور کاروبار دوست پالیسیوں سے معیشت بحالی میں سر گرم ہے، سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہونا ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے، الحمدللہ اب پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، ہم معاشی بحالی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے اعتماد بحالی کا موقع ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کیلیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صنعت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلیے مل کر سوچنا ہوگا، تاجر برادری کا ملکی معیشت میں بہت اہم کردار ہے، چاہتے ہیں پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں، مسائل کے ٹھوس حل کیلیے تاجروں سے بات چیت کیلیے تیار ہیں، نئی فیلڈز اور نئی صنعتوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عرب نیوز میں آج ایک آرٹیکل چھپا ہے، خلیجی ممالک آج پاکستان میں سرمایہ کاری کیلیے تیار ہو رہے ہیں، ہمیں اس سرمایہ کاری کو ویلکم کرنے کیلیے تیار ہونا چاہیے۔

تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کپاس پیدا کرنے والا ملک ہے، اس کی پیداوار میں بے پناہ کمی ہوئی ہے لیکن امید ہے اس سال کپاس کی پیداوار ریکارڈ ہوگی، بمپر پیداوار ہونے جا رہی ہے۔

’اندازہ ہے 10 ملین بیلز کپاس کی پیداوار ہوگی۔ گزشتہ برسوں میں کپاس کی پیداوار 3 ملین بیلز تک پہنچ گئی تھی۔ ان شاء اللہ رواں سال کپاس کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوگی۔‘