وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کا احوال سامنے آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی اہم ملاقات میں عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے پر اتفاق ہوگیا جبکہ نگراں سیٹ اپ سمیت سیاسی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کا مؤقف رہا کہ الیکشن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ ملاقات میں موجودہ اسمبلی کی مدت ازخود آئینی تاریخ پر ختم کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا۔ اسمبلی کی مدت 12، 13 اگست کی رات ختم ہونے پر نگراں سیٹ اپ آ جائے گا۔
پیپلز پارٹی کی تجویز پر وزیر اعظم نے دیگر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کروا دی۔ دونوں رہنماؤں کا آئندہ نگراں وزیر اعظم سینئر سیاستدان کو لانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے آئی ایم ایف سے امدادی پیکج کیلیے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی بچھائی بارودی سرنگیں صاف کر رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری ساری توجہ معیشت کی مضبوطی پر ہے، انتشار اور فتنے کی سیاست کا جڑ سے خاتمہ کر کے استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔