چین (31 اگست 2025) وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ یہ ملاقات چین میں ایس سی او ہیڈز آف اسٹیٹ کونسل اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ اس موقع پر صدر ترکیہ نے پاکستان میں حالیہ بارشوں
اورسیلابی صورتحال پر افسوس اور جانی و مالی نقصانات پرپاکستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
ملاقات میں پاک ترک تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی تجدید کی گئی اور دو طرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو بھی سراہا۔
شہباز شریف اور اردوان نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح تبادلوں اور تعاون میں مسلسل اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے خوشحالی اور ترقی کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال اور غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار اور اسرائیلی جارحیت اور نسل کشی کی پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت اور فلسطین کیلیے بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر آواز بلند کرنے کےعزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مسلم دنیا سمیت عالمی امن واستحکام کے لیے تعاون پر زور دیا۔
https://urdu.arynews.tv/pm-sharif-in-tianjin-university-31-august-2025/