وزیراعظم شہبازشریف کی امریکا کے عوام اور حکومت کو یومِ آزادی کی مبارکباد

اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے امریکا کے عوام اور حکومت کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ ہر سطح پر رابطہ قائم کرنے کےخواہاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکا کے عوام اور حکومت کو یوم آزادی کی مبارکباد دہتے ہوئے کہا کہ امریکا سے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ ہر سطح پر رابطہ قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا کی سپر پاور امریکا کے شہری آج یوم آزادی منا رہے ہیں، آج ہی کے دن امریکا کی عوام نے 4 جولائی سنہ 1776 میں برطانیہ کے تسلط سے آزادی حاصل کی تھی۔ اسی لیے ملک بھر میں 4 جولائی جو سرکاری سطح پر عام تعطیل ہوتی ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر پریڈ، پکنک، آتش بازی کے مظاہرے بھی کیے جاتے ہیں . موسیقی کی محافل بھی منعقد ہو رہی ہیں۔ نیشنل مال پر آتش بازی اور محفل موسیقی کی ایک شاندار تقریب ہونے والی تھی۔ جسے دیکھنے کے لیے امریکا کے گوش و کنار میں بسنے والے لاکھوں افراد واشنگٹن پہنچ چکے ہیں۔