وزیراعظم شہباز شریف اور ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا کی نیویارک میں جنرل اسممبلی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شباز شریف جو ان دنوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود ہیں۔ نیویارک میں وزیراعظم اور ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے عالمی بینک کی جانب سے حکومت پاکستان کے ساتھ اقتصادی اصلاحات، غربت میں کمی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت پاکستان کے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون کو سراہا۔
وزیراعظم نے عالمی بینک کے صدر کو حکومت کے پالیسی، انتظامی اور تنظیمی اصلاحات کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت نے توانائی، مالیات اور محصولات کے شعبوں میں اصلاحات نافذ کی ہیں۔
صدر ورلڈ بینک نے کہا کہ حکومت پاکستان معاشی اصلاحات کی تکمیل کے لیے عالمی بینک کی جانب سے تعاون کا خیر مقدم کرے گا۔ انہوں نے آبی نظام، توانائی اور انسانی ترقی سمیت پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے جدید مالیاتی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔
اس ملاقات میں وزیراعظم پاکستان اور عالمی بینک کے صدر نے ویژن 2025 اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم سے پاکستانی امریکی بزنس کونسل کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں سرمایہ کار اور بینکرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعظم نے بزنس کونسل کے ارکان، بینکرز، سرمایہ کاروں کو ملکی معیشت اور پاکستان میں سرمایہ کاری پربریفنگ دی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔