اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فصل کی جعلی ادویات کے خاتمے کے لیے ہمیں آرمی ایکٹ لاگو کرنا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فصل کی جعلی ادویات کا ماضی میں مکمل طور پر خاتمہ کردیا گیا تھا، جعلی ادویات پاکستان اور کسانوں کے لیے بہت بڑا سیٹ بیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گرین پاکستان انیشیٹیو وژن کی بات کی اور مشورہ دیا کہ شہباز شریف صاحب ہمیں اس معاملے کو آگے بڑھانا ہے اور مل کر بہت بڑے وژن کو عملی جامہ پہنانا ہے جس پر میں ان کا مشکور ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، تمام متعلقہ ادارے زراعت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، پاکستان میں زبردست ریسرچ سینٹرز بنائے گئے تھے جو وقت کے ساتھ بیٹھ گئے ان ریسرچ سینٹرز کو ریوائز کرنے کے لیے تمام وسائل موجود ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ 60 کی دہائی کے بعد تمام ادارے سست روی کا شکار ہوگئے، میرٹ، ہنر، محنت اور دیانت کو چھوڑ کر سیاسی بنیادوں پر تقرریاں اور تبادلے ہورہے تھے، میرٹ کو الگ کرنے، سیاست اور اقربا پروری سے اداروں کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں قدرتی وسائل موجود ہیں، ہم نے اس وژن کو متحد ہوکر آگے لے کر چلنا ہے، باتوں سے نہیں عمل سے آگے بڑھنا ہوگا اور مل کر اس وژن کو عملی جامہ پہنانا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نظر آرہا ہے کہ پاکستان میں دوسرا زرعی انقلاب رونما ہونے جارہا ہے، تمام ادارے اور افواج پاکستان زرعی انقلاب میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔