’ملکی سلامتی چیلنج کرنیوالوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی‘

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کرم کے علاقے آر اولی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

شہباز شریف نے صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان، سپاہی عبدالرحمان کی شجاعت و بہادری پر انہیں سلام پیش کرتے ہوئے شہدا کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اپنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے ملکی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی دعائیں بہادر افواج کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے، آمین۔

مزید پڑھیں: کرم میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک؛ 3 جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان کرم کے علاقے آراولی میں جھڑپ ہوئی جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تین جوان شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ہتھیار اور گولیاں برآمد کرلی گئی ہیں جبکہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف واقعات میں مطلوب تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے ہمارے جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید تقوت دیتی ہیں۔