’’کسانوں کو آسان شرائط پر قرض کی فراہمی‘‘، وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے کی مزید اصلاحات اور کسانوں کو آسان شرائط پر قرض فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔

اے آر ائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں زرعی شعبے کی کارکردگی اور جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں زرعی شعبے کے لیے قائم ٹاسک فورس نے شرکا کو بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے اجلاس زرعی شعبے کی مزید اصلاحات اور ملک میں زرعی پیداوار میں اضافے اور زرعی اصلاحات کیلیے جامع لائحہ عمل طلب کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے لیے بھی جامع لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو ہر قسم کی رہنمائی فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ زرعی پیداوار میں بہتری، ویلیو ایڈیشن اور زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ اولین ترجیح ہے۔ زرعی اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلیے زرعی شعبے کے تحقیقی مراکز کو مزید فعال بنایا جائے اور اس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کےتحت جدید تحقیق کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے زراعت میں مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کےحوالے سے اقدامات کا لائحہ عمل بھی پیش کیا جائے اور منافع بخش فصلوں کی کاشت اور پاکستان کو غذائی تحفظ سے متعلق خود کفیل بنایاجائے۔

وزیراعظم نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے صوبائی حکومتوں سے روابط اور تعاون مزید مربوط بنانے، کسانوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تجاویز کیلیے مشاورت کرنے اور زراعت کے جدید طریقہ کار اپنانے میں کسانوں کی معاونت کی جائے۔

شہباز شریف نے سندھ اور بلوچستان میں کپاس کی کاشت کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ جامع منصوبہ بندی کرنے اور نباتاتی ایندھن کو ملک کے انرجی مکس میں شامل کرنے کے لیے تحقیق اور منصوبہ بندی کرنے کی ہدایات بھی کیں۔