اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے جلسے میں دھماکے کے مجرموں کو قرار واقعی سزا ملے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان اور وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود سے ٹیلی فونک گفتگو میں دھماکے پر افسوس اور تعزیت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ قیمتی جانی نقصان پر دلی افسوس ہے، آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، حملے کے مجرموں کو قرار واقعی سزا ملے گی، دہشتگردی کا خاتمہ پوری قوم کا عہد ہے، متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔
وزیر اعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلیے صبر و جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
انہوں نے چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا سے ٹیلی فونک گفتگو میں دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا جائے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔