بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلے عام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے: وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلے عام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت نے انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر مسلسل ظلم و ستم کشمیریوں کی آواز دبانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر دھوکہ دہی اور دیگر من گھڑت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کھلے عام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت نے انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔