اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں مختلف امور زیر غور آئیں گے جبکہ مختلف تقرریوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 26 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔
اجلاس میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جانے والے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سمیت 172 افراد کی فہرست پر کمیٹی سفارشات زیر غور لائی جائیں گی۔ ڈی جی سول ایوی ایشن کا اضافی چارج بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
اجلاس میں نیشنل ٹیرف کمیشن کی تعیناتی، پاکستان ٹوبیکو کے ڈائریکٹر کی توسیع، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی عمان اور پاکستان کے درمیان ایم او یو، سیکریٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ، سیکریٹری بی آئی ایس پی کی تعیناتی پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں نئے چیئرمین سی ڈی اے کی تقرری، کراچی شپ یارڈ کے ایم ڈی کی ڈیپوٹیشن پر تقرری مختلف اداروں کے سربراہان اور سیکریٹریز اور اسلام آباد اسپیشل کورٹ سینٹرل کے جج کی تقرری کی منظوری دی جائے گی۔
اجلاس میں ترک شہری کی ڈیپوٹیشن یا گرفتاری کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس 2 جنوری کو طلب کیا گیا تھا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 172 افراد کے نام فی الحال ای سی ایل سے نہیں نکالے جائیں گے اور فرداً فرداً تمام افراد کی اسکیننگ کی جائے گی۔