وزیراعظم آج شام 2 روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہوں گے

وزیراعظم شہباز شریف آج شام دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہوں گے وہ صدر اردوان کی دعوت پر انقرہ میں صدارتی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج شام 2 روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہوں گے انہیں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے صدارتی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے۔

ترکیہ کے تیسری بار منتخب ہونے والے صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری کل (جمعہ) کو انقرہ میں منعقد ہوگی۔

اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف صدر ترکیہ سمیت دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ رجب طیب اردوان گزشتہ اتوار کو رن آف مرحلے میں 52 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرکے تیسری بار ترکیہ کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کامیابی کے بعد ترک عوام سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ ترکیہ اب دنیا میں امن اور سلامتی قائم کرے گا۔