لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے مریم نواز کے لندن جانے کے سلسلے میں حکومت کے ساتھ بیک ڈور رابطے ہونے کی تردید کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحب زادی مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے ایک ٹوئٹ میں حکومت کے ساتھ بیک ڈور رابطے کی تردید کر دی ہے۔
محمد زبیر نے ٹوئٹ کے ذریعے وفاقی وزیر سائنس فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز واضح کہہ چکی ہے کہ حکومت سے باہر جانے کی درخواست نہیں کریں گی۔
ٹوئٹ میں محمد زبیر نے لکھا حکومت سے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہو رہے، فواد چوہدری بیک ڈور رابطوں سے متعلق ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہے ہیں۔
Maryam Nawaz made it clear yesterday that she will never request this government permission to go abroad. There’s no back door talks in this regard. Fawad Ch is blatantly lying https://t.co/uiC6O3fk2g
— Mohammad Zubair (@Real_MZubair) February 16, 2021
واضح رہے کہ آج اہم حکومتی وزیر فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں انکشاف کیا تھا کہ مریم نواز لندن جانا چاہتی ہیں اور اس کے لیے بیک ڈور رابطے کیے گئے ہیں۔
مریم نواز کے لندن جانے کے لیے حکومت سے بیک ڈور رابطے، فواد چوہدری کا انکشاف
وفاقی وزیر کے مطابق بیک ڈور رابطے کا حکومتی جواب واضح ہے، وزیر اعظم کی جانب سے صاف انکار کیا گیا ہے، مریم نواز کو لندن نہیں جانے دیا جائے گا۔
فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں لکھا ’مریم نواز لندن جانا چاہتی ہیں اور اس کے لیے بیک ڈور رابطے کیے گئے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے اس درخواست کو مکمل طور پر رد کر دیا۔‘
واضح رہے کہ آج وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مریم نواز نے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا ہے، وہ بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کر رہی ہیں لیکن حکومت ان کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی۔