مسلم لیگ ن نے ڈپٹی اسپیکر کیلیے پی پی کے علی گیلانی کو نامزد کردیا

مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی پی پی کے رکن علی حیدر گیلانی کو نامزد کردیا جن کے کاغذات نامزدگی بھی جمع ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کامیابی کے بعد خالی عہدے کے لیے مسلم لیگ ن نے اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی علی حیدر گیلانی کو نامزد کردیا ہے۔

ڈپٹی اسپیکر کے لیے حکومتی اتحاد کے نامزد رکن واثق قیوم عباسی اور اپوزیشن اتحاد کے نامزد رکن علی حیدر گیلانی نے اسمبلی سیکریٹریٹ میں سیکریٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک کے آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔

حکومتی اتحاد کے امیدوار واثق قیوم کی طرف سے پانچ کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی تھی جس کے بعد وہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے سے برطرف ہو گئے تھے۔

اسپیکر کا منصب سنبھالتے ہی تحریک انصاف نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی برطرفی کے لیے تحریک عدم اعتماد پیش کی جس کے حق میں 186 ووٹ دیے گئے۔

دوسری جانب آج تحریک انصاف کے ایم پی اے نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب دوست مزاری کو نااہل قرار دینے کے لیے مراسلہ اسپیکر کو بھجوایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دوست مزاری کو نااہل قرار دینے کے لئے مراسلہ اسپیکر کو بھجوا دیا گیا

تحریک انصاف کے ایم پی اے محمد رضوان نے مراسلے میں موقف اختیار کیا ہے کہ دوست مزاری نے 16اپریل اور 22 جولائی کو ہونے والے وزیر اعلی کے انتخاب کو متنازع بنایا۔ پولیس کو اسمبلی کے اندر داخل کروایا اور ارکان اسمبلی پر تشدد کروایا۔