پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف خانزادہ نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آج بھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف خانزادہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے بھی مقررہ وقت پر الیکشن چاہتے تھے اور اب بھی چاہتے ہیں لیکن ہمیں آج بھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 2017 کے کرداروں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں۔ ان کرداروں کو بے نقاب کریں گے تب ہی لیول پلیئنگ فیلڈ ہوگی۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو انتخابی سیاست سے کیوں باہر رکھا جا رہا ہے؟ جب ان سے پروگرام کے میزبان نے سوال کیا کہ ان کے قائد وطن واپس کب آ رہے ہیں جس پر جاوید لطیف نے کہا کہ جیسے ہی الیکشن کا اعلان ہوگا نواز شریف پاکستان میں ہوں گے۔
جاوید لطیف نے مزید کہا کہ یہ بات سنتے 75 سال ہو گئے کہ وہ ہو گیا اب آگے بڑھیں، ہم آخر کب تک یہ سنتے رہیں گے کہ یہ ہو گیا اب آگے بڑھیں۔ سانحہ اے پی ایس کے ماسٹر مائنڈ تک کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا تو کیا 9 مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ کو چھوڑ دیں گے۔ 9 مئی کے کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے تو 2017 کا الزالہ ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی ہوتی ہے تو ماسٹر مائنڈ کو بھی پکڑا جاتا ہے۔ کیا پاکستان میں عالمی قوتوں کے دباؤ میں ماسٹر مائنڈ کو چھوڑ دیا جائے گا۔