کراچی : پیپلزپارٹی کی جانب سے ایم این اے ملک اسد سکندر کے سب سے بڑے حریف مسلم لیگ ن کے ملک چنگیز خان کو پیپلزپارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں انتخابات سے پہلے بڑی سیاسی تبدیلیاں سامنے آنے لگی، پ ایم این اے ملک اسد سکندر اورپیپلزپارٹی کی قیادت میں اختلافات کی خبروں کے بعد ایم این اے فریال تالپور نے ملک چنگیز سے رابطہ کیا۔
ملک چنگیز نے مسلم لیگ ن چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کے فیصلے کی تصدیق کردی۔
پیپلزپارٹی کی ایم این اے فریال تالپور سے آج شام سات بجے ان کی رہائش گاہ پر ملک چنگیز ملاقات کرکے ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔
فریال تالپور سے ملاقات سے قبل اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملک چنگیز نے کہا کہ اب ملک اسد سکندر کا سورج ڈوبنے والا ہے اور پیپلزپارٹی میں باضابطہ طور پر آج شامل ہوجاؤں گا۔
واضح رہے کہ ملک چنگیز ملک اسد سکندر کے قریبی عزیز اور سیاسی مخالف ہیں۔