مسلم لیگ ن میں دیگر جماعتوں سے رابطے اور اتحاد کے لیے مشاورت

مسلم لیگ ن

لاہور : مسلم لیگ نون کے اکثریتی رہنماؤں نے جمعیت علماٰ اسلام سمیت دیگر جماعتوں سے ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور اتحاد کے لیے مشاورت کےحق میں رائے دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاون لاہور میں نون لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں گزشتہ روز دوسری جماعتوں سے انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر لمبی مشاورت کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ نون لیگ کے بڑوں کی اس بیٹھک میں اکثریت نے کہا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کی جماعتوں سے اتحاد کےلیے بات چیت کرنے چاہیے، ان جماعتوں میں جمعیت علما اسلام ف، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور افتاب شیرپاو کی جماعتیں شامل ہیں۔

نون لیگ کےاجلاس میں چند رہنماؤں نے مختلف رائے دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ہمیں ان جماعتوں کےحلقوں میں عوامی مقبولیت دیکھنا چاہیے کیونکہ ان میں سے خیبرپختونخواہ کی ایک جماعت دعوے بڑے کررہی ہے لیکن زمینی حقائق ایسے نہیں ہیں۔

اجلاس میں اکثریتی رائے کے پیش نظر اسی ہفتے ان جماعتوں سےمشاورت کی جائے گی، لیگی ذرائع نےیہ بھی دعوی کیا ہےکہ انتخابات کے بعد بھی ان جماعتوں سے اتحاد کا امکان ہے۔