پنجاب حکومت کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک پروپیگنڈا پارٹی ہے جس نے اس مقصد کے لیے باقاعدہ گروپ بنائے ہوئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے پروپیگنڈا پارٹی قرار دے دیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پروپیگنڈے کے لیے باقاعدہ گروپ بنائے ہوئے ہیں اور اس کے سوشل میڈیا صارفین اداروں کو دھمکاتے ہیں۔ ایک، ایک بندے کے نام پر جعلی اکاؤنٹس بنے ہوئے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پانچ پانچ سو سمیں بغاوت اور پروپیگنڈے کیلیے استعمال ہوتی ہیں۔ ان سموں پر جعلی اکاؤنٹس چلتے ہیں۔ سب کچھ اب واضح ہوگیا ہمارے اس طرح کے جعلی اکاؤنٹس نہیں ہیں۔ ایسے لوگوں کے ساتھ دہشتگردوں والا سلوک ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کی ذات کو نشانہ نہیں بنانا چاہتے لیکن سماجی میڈیا کو قواعد وضوابط کے مطابق ہونا چاہیے۔ آزادی اظہار رائے کے بارے میں قانون پر حکم امتناعی ہے۔ ہم اس کے حوالے سے بھی قانون بنائیں گے۔