ن لیگ اپنی حکمتِ عملی پر چل پڑی، اہم شخصیات کو انتخابی مہم میں ٹارگٹ کرنے کا پلان

ن لیگ

لاہور: مسلم لیگ ن اپنی حکمتِ عملی پر چل پڑی اور اپنی معاشی و سیاسی ابتری کی ذمہ داری پانامہ جے آئی ٹی، سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، فیض حمید اور سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال پر ڈالنے کا پلان بنا لیا۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ لندن اجلاس کے فیصلوں پر لاؤ لشکر لیے میدان میں آتر آئی اور اے آر وائی کی 26 اگست کو دی گئی خبر درست ثابت ہوگئی کہ ن لیگ معاشی اور سیاسی ابتری کا ذمہ پانامہ جے آئی ٹی، باجوہ اور فیض حمید پر ڈالے گی۔

مریم نواز اور جاوید لطیف کے بیانات نے یہ بات درست ثابت کردی، مریم نواز نے لاہور میں ججوں کو ٹارگٹ کیا اور کہا کہ چار، پانچ کے گروہ نے نوازشریف کو باہر نکالا، اقامہ بینچ کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

دوسری جانب لیگی رہنما جاوید لطیف نے لندن میں سیاسی لوگوں کے ساتھ اداروں کے لوگوں کو بھی کٹہرے میں لانےکی بات کی۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ نواز حکومت کو گرانے والے کرداروں کا احتساب بھی ضروری ہے اور 7201 کے کرداروں کا بھی احتساب کریں، ورنہ سویلینز کو خودکرنا پڑے گا۔

خیال رہے اے آروائی نے چھبیس اگست کو لندن میں ن لیگی رہنماؤں کے اجلاس کی خبر دی تھی، جس میں فیصلہ کیاگیاتھا کہ انتخابی مہم میں اداروں کے بجائے اہم شخصیات کو ٹارگٹ کرکے تنقید کی جائے گی، نوازشریف اور مریم نواز اپنے خلاف ہونے والی سازش کے پس پردہ محرکات سامنے لائیں گے، اور اہم شخصیات کی خفیہ آڈیوز بھی عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

ن لیگ کی بڑی بیٹھک میں طے کیا گیا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نوازشریف کریں گے۔