لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک میں یہ جو تماشا لگا ہوا ہے اس سے نقصان ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پنجاب میں انتظامی بحران پیدا کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے فیصلے کو جوتی کی نوک پر رکھا ہے اور ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں وہ عدالتوں کو گالیاں بھی دے گرفت میں بھی نہ آئے۔
وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ وہ کون سی قوت ہے جو قاسم سوری کو اسٹے آرڈر پر قومی اسمبلی کا ممبربرقرار رکھتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان ملک کو سری لنکا کے راستے پر ڈالنے میں مصروف ہیں اور وہ ممنوعہ فنڈنگ، ووٹرزکو یرغمال بنانے میں مصروف عمل ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے معیشت کا بیٹراغرق کرکے ملک کو بند گلی میں کھڑا کر دیاہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان میں محاذ آرائی پید ا کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے تعلیم اور نوجوانوں کے ساتھ کیا سلوک کیا وہ پاکستان کی بنیادوں کو تباہ کرنے والے حکمران ہیں۔