نارووال: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کو نارووال میں الیکشن لڑنے کا چیلنج کرتا ہوں ،اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد تمہاری نہیں نگراں حکومت ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ یہ پنجاب، خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں توڑیں تو انہیں لگ پتا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تم نے چار سال جھوٹے مقدمے بنائے یا قیمتی تحفے چرائے اب پتہ چلتا ہے بنی گالا میں کیا کھیل ہوتا تھا، نارووال میں الیکشن لڑو تمہاری ضمانت ضبط کرواکر بھیجیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ تحفے پاکستان کو ملے تھے یہ قوم تم سے حساب لے گی۔ کروڑوں اربوں روپوں کے تحفے تم چرا کر لے گئے آج تمہارے چہرے سے دیانت داری کا میک اپ اتر چکا ہے۔
یہ پڑھیں: ’عمران خان چند گھنٹوں میں اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے‘
وفاقی وزیر نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ عمران خان جس کو سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے آج وہ وزیر اعلیٰ ہے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آج اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کررکھا ہے جبکہ ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی کا بھی کہنا تھا کہ چند گھنٹوں میں عمران خان اسمبلیاں تحلیل کردیں گے.