وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سیلابی صورت حال کے باعث فوری انتخابات ممکن نہیں ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک میں فوری الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہے سیلاب زدہ علاقوں سے پانی اترنے میں چھ ماہ لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری بھی آئندہ سال مارچ تک ہوگی۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عوام کو سیاسی نہیں اقتصادی ترقی میں لانگ مارچ چاہیے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پذیرائی نہیں ملی جبکہ فوری الیکشن کے مطالبے پر عملدرآمد انتظامی طور پر ممکن نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان دھرنا ملتوی کرکے الیکشن کی تیاری کریں، احسن اقبال
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان آئی ایم ایف معاہدے کی بھی مخالفت کرتے رہے ہیں اور بھارت بھی پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کو ناکام بنانےکی کوشش کررہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کا اعلان کرتا ہوں جو اکتوبر 2023 میں ہوگا، اگلے 6 سے 8 مہینے کوئی الیکشن نہیں ہوسکتا کیونکہ مارچ میں نئی مردم شماری ہوگی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اکتوبر 2023سےپہلےکوئی الیکشن نہیں ہوگا، عمران خان دھرنے اورمارچ کا اعلان ختم کریں اور اب الیکشن کی تیاری کریں۔