فل کورٹ بینچ کی تشکیل کی درخواست مسترد : ن لیگ نے احتجاج کا پلان بنالیا

اسلام آباد : مسلم لیگ ن نے فل کورٹ بینچ کی تشکیل کی درخواست مسترد ہونے پر احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق فل کورٹ بینچ کی تشکیل کی درخواست مسترد ہونے پر ن لیگ نے احتجاج کا پلان بنا لیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی سے اسلام آباد پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

ذرائع نے کہا ہے کہ احتجاج کے سلسلے میں ن لیگ کے کارکنوں اوررہنماؤں سے مرکزی قیادت کے رابطوں میں تیزی آگئی ہے۔

یاد رہے گذشتہ روز سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں حکومتی اتحاد کی فل کورٹ بنانے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلہ میں کہا تھا کہ وکلا نے فل کورٹ بنانے اور میرٹ پر دلائل دیئے، ڈپٹی اسپیکر نے 22 جولائی کو رولنگ میں پارٹی سربراہ کے حق میں فیصلہ دیا، قانونی سوال ہے کہ ارکان کو ہدایت پارٹی سربراہ دے سکتا ہے یا نہیں۔

بعد ازاں حکمران اتحاد نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں فل کورٹ نہ بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے دھمکیوں پر اتر آئے تھے۔