ن لیگ نے آئی پی پی کو لاہور سے 2 نشستیں دینے کی حامی بھرلی

مسلم لیگ ن

لاہور: مسلم لیگ ن نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کو لاہور سے قومی اسمبلی کی دو نشستیں دینے کی حامی بھرلی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ عبدالعلیم خان اور عون چوہدری کو قومی اسمبلی کی نشست پر سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ن لیگ این اے 117 سے علیم خان کو سپورٹ کرے گی، این اے 128 سے حافظ نعمان کی جگہ عون چوہدری کو سپورٹ کیا جائے گا۔

ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ حافظ نعمان کو مہر اشتیاق کی جگہ این اے 129 کا امیدوار بنایا جائے گا۔

ن لیگ کو لاہور سے سابقہ قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کو ٹکٹ دینے میں مشکلات کا سامنا ہے، سردار ایاز صادق کا این اے 120 میں ٹکٹ بھی کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مریم نواز این اے 119 اور 120 سے بھی الیکشن میں حصہ لے سکتی ہیں، مریم نواز اگر این اے 120 سے دستبردار ہوگئیں تو ایاز صادق کو ٹکٹ ملنے کا امکان ہے۔

ن لیگ کے سابق ایم این اے ریاض ملک، وحید عالم، علی پرویز ملک کو ٹکٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، سابق ایم پی اے مرزا جاوید، کرنل (ر) محمد طارق کو بھی پارٹی ٹکٹ کے حصول میں مشکلات درپیش ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ن لیگ آئندہ 24 گھنٹوں میں حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرسکتی ہے۔