’نواز تو کیا شہباز شریف بھی حکومت لینے پر خوش نہیں‘

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا کہ نواز تو کیا شہباز شریف بھی حکومت لینے پر خوش نہیں ہیں۔

پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ ہمیں کہا جارہا ہے حکومت بنائیں اسی میں ملک کا مفاد ہے، کانٹوں پر چلایا جارہا ہے جس کا نقصان بھی ہمیں ہورہا ہے، نواز شریف کے نظریے سے خائف لوگ ہمیں حکومت دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی طور پر یہ حکومت بنانے کے حق میں نہیں، میری جماعت کے 90 فیصد لوگوں کی یہی سوچ ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ن لیگ نے فیصلہ کیا کہ شہباز شریف وزیراعظم ہوں گے لیکن شہباز شریف بھی خوش نہیں کہ حکومت بننی چاہیے، ان کی بھی رائے وہی ہے جو 90 فیصد ممبران گفتگو کررہے ہیں۔

جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کی بھی رائے ہے ایسے حالات میں حکومت نہیں لینی چاہیے، وہ بھی ن لیگ کو وزارت عظمیٰ دینے کے خواہشمند نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو لایا گیا وہی قومی حکومت بنائیں، 2018 اور 2024 دونوں انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔

جاوید لطیف نے مزید کہا کہ ہم نے 16 ماہ کی حکومت لے کر غلطی کی تھی اگر حکومت کا حصہ نہ بنتے تو ملک ڈیفالٹ کرجانا تھا، حکومت نہ کرتے تو جیلوں میں بھی ہوتے تو ہمیں ووٹ ملتے۔