’بانی پی ٹی آئی کو کبھی سپہ سالار اور کبھی منصف اعلیٰ پسند نہیں‘

طلال چوہدری

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو کبھی سپہ سالار اور کبھی منصف اعلیٰ پسند نہیں آتے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگی رہنما طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے ایک بار پھر اپنا پرانا مؤقف دہرایا ہے، ان سے رہا نہیں جاتا اور اصل چہرہ چند دنوں میں سامنے آجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بانی پی ٹی آئی کی غلط کاریوں کو چھپانا چاہتے ہیں، یہ چاہتے ہیں انہیں منصف اعلیٰ ایسا ملے جو انہیں گڈ ٹو سی یو کہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کسی بھی طرح مقدمات سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، یہ آج پھر اداروں کا نام لے کر الزام لگاتے رہے ہیں، بانی کچھ عرصہ نظریں جھکاتے ہیں پھر ویسے ہی ہوجاتے ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں تحفظ آئین تحریک چلائیں گے، یہ تحفظ آئین تحریک نہیں بلکہ تحفظ بانی پی ٹی آئی ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ انہوں نے توشہ خانہ میں ٹی سیٹ، موبائل اور گھڑیاں بھی نہیں چھوڑیں اور وہ کیا جو درجہ چہارم کا ملازم بھی نہ کرے، یہ سزائیں آپ کو چوری پر ملی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے پی عوام کو انہوں نے کون سی سہولت دی، یہ صرف اداروں کے سربراہوں پر الزام لگاتے ہیں، ان کو دوبارہ ایسا کوئی نہیں ملے گا جو کندھے پر بٹھا کر لائے۔