’یہاں پر کچھ لوگ چیف جسٹس کے دن گن رہے ہیں‘

طلال چوہدری

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ یہاں پر کچھ لوگ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے دن گن رہے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگی رہنما طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک چیف جسٹس جس کے آباؤ اجداد نے پاکستان بنانے میں ساتھ دیا، ایسا چیف جسٹس جس نے آئین اور پارلیمنٹ کو بحال کرنے میں کردار ادا کیا، ان کے کیخلاف ایک واقعہ ہوا جس کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چند عناصر گالم کلوچ کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، چند عناصر دوسروں کو گالی اور تضحیک کرکے خود کو تمغہ دینا چاہ رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ چند عناصر اداروں کے خلاف مذموم مہم چلاتے ہیں، اللہ جانتا ہے کس نے کتنے دن ہیں اور کوئی کچھ نہیں جانتا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم کی بہترین تقاریروں میں سے ایک تقریر ہوئی، وزیراعظم نے دنیا کی قیادت کے سامنے اسرائیلی مظالم پر کھل کر بات کی اور مظالم کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر کھل کر بات کی، شہباز شریف نے اپنا فرض بھرپور طریقے سے نبھایا ہے۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ اسرائیل کے مقاصد کو کامیاب کروانے کے لیے بانی پی ٹی آئی کے لیے مہم چلائی جارہی ہے، اسرائیل کے ایک اخبار نے ان کے حق میں کالم چھاپ دیا ہے۔