اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن نے یوم تکبیر کی مناسبت سے اسمبلی میں قرارداد لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کا پارلیمنٹ ہاؤس میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، ذرایع کا کہنا ہے کہ ن لیگ یوم تکبیر کی مناسبت سے اسمبلی میں قرارداد لائے گی۔
کل 28 مئی کو مسلم لیگ ن قومی اسمبلی میں نواز شریف کو ایٹمی دھماکے کرنے پر خراج تحسین پیش کرے گی۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنما کل ایوان میں یوم تکبیر پر اظہار خیال کریں گے، اسمبلی اجلاس کے بعد رہنما لاہور اور پشاور روانہ ہو جائیں گے۔
یوم تکبیر کی مرکزی تقریب ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف نے دنیا کے دباؤ کو ٹھکرا کر ملک کو ایٹمی قوت بنایا، حمزہ شہباز
یاد رہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بننے کے 21 برس مکمل ہو گئے ہیں، کل قوم اکیسواں یوم تکبیر روایتی جوش و جذبے سے منائے گی، 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے خطے میں بھارتی بلا دستی کے عزائم خاک میں ملا دیے تھے۔
ملک بھر کی مساجد میں شکرانے کے نوافل ادا کیے جائیں گے اور ملک کے استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بنا، یوم تکبیر کے دن پاکستان دفاع نا قابل تسخیر ہو گیا، یہ جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کا دن ہے۔