شاعر احمد فرہاد کی درخواست ضمانت مسترد

شاعر احمد فرہاد

مظفرآباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے شاعر احمد فرہاد کی درخواست ضمانت مسترد کردی، اہلیہ کا کہنا ہے ہم اس فیصلے کو چیلنج کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق مظفرآباد آزاد کشمیر کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شاعر احمد فرہاد کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، فیصلے میں عدالت نے ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔

گزشتہ روز دوران سماعت شاعر کے وکیل کی جانب سے انکی بریت پر دلائل دیے گئے جبکہ پولیس کی جانب سے ایک ہفتے کے مزید جمسانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شاعر کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، اہلیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس فیصلے کو چیلنج کریں گے۔

یاد رہے 29 مئی کو وفاقی حکومت نے شاعر احمد کی گرفتاری ظاہر کی تھی اور اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا تھا کہ احمد فرہاد گرفتار اور پولیس کسٹڈی میں ہے۔

بعد ازاں پولیس نے بتایا تھا کہ شاعر احمد دفعہ اے پی سی 186کے تحت گرفتار ہوئے، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ وہ صبح7 بجے گجر کوہالہ کے مقام سے آزاد کشمیرمیں داخل ہو رہے تھے، دوران چیکنگ وہ شناختی کارڈ نہیں دکھاسکے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق شاعر کارسرکار میں مداخلت کے جرم میں گرفتار ہوئے، وہ ایک اور مقدمے میں مظفرآباد پولیس کو بھی مطلوب ہیں، اس لیے ان کو مظفرآباد پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔