بغداد : عراق میں بھارت سے درآمد شدہ کھانسی کے شربت میں زہریلے اجزا کا انکشاف سامنے آیا، بغداد سے بچوں کے سیرپ کی ایک بوتل خریدی گئی، جس میں 2.1 ایتھیلین گلائیکول موجود تھا۔
تفصیلات کے مطابق گیمبیا اور ازبکستان کے بعد اب عراق میں بھی بھارتی سیرپ میں زہریلے اجزا کا انکشاف ہوا ہے۔
امریکی جریدے بلوم برگ نے بتایا کہ کلینیکل ٹیسٹ سے عراق میں فروخت ہونے والے بھارتی سیرپ میں زہریلے کیمیکلز موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بلوم برگ کا کہنا تھا کہ بغداد سے بچوں کے سیرپ کی ایک بوتل خریدی گئی، جس میں دو اعشاریہ ایک فیصد ایتھیلین گلائکول کی موجودگی پائی گئی۔
بلوم برگ نے ڈبلیو ایچ او، عراقی اور بھارتی حکام کے ساتھ ٹیسٹ کے نتائج کا تبادلہ کیا ہے، اس سے پہلے گیمبیا اورازبکستان میں بھارت کے کھانسی کے سیرپ سے سیکڑوں بچوں کی اموات ہوچکی ہیں۔
گزشتہ سال گیمبیا اور ازبکستان میں 89 بچوں کی اموات کے بعد بھارت میں تیار کردہ کھانسی کے شربتوں کے بارے میں سوال اٹھ رہے ہیں۔
انڈین ریگولیٹرز دوائیں تیار کرنے والی کمپنیوں کا معائنہ کر رہے ہیں، کیوں کہ عالمی سطح پر سستی ادویات فراہم کرنے کے بھارتی امیج کو اس سے شدید نقصان پہنچا ہے۔