کراچی : درخشاں پولیس نے نوجوان لڑکے لڑکیوں کو نشے کا عادی بنانے والے چار کارندوں کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان آن لائن منشیات سپلائی کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق فروشوں نے بھی نئے دور کے ساتھ زہر بیچنے کا انداز تبدیل کرلیا، درخشاں پولیس نے آن لائن منشیات بیچنے والے سینڈیکیٹ کے 4 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا کے ذریعے آرڈر لے کر مہلک ترین نشہ آئس پاوڈر، کوکین، ہیروئن اور چرس سپلائی کرتے تھے، منشیات فروشوں کا 8 افراد پر مشتمل سینڈیکیٹ ہے، جن میں 4 ملزمان فرار ہوگئے ہیں ، ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
درخشاں پولیس نے مزید انکشاف کیا کہ یہ ملزمان فیس بک پر لڑکیوں سے دوستی کر کے پہلے مفت میں نشہ پلاتے پھر پیسوں کی ڈیمانڈ کرتے جبکہ ملزمان پرائیویٹ پارٹیوں میں بھی مطلوبہ نشہ سپلائی کرتے تھے۔
پولیس کی گرفتار ملزمان سے مذید تفتیش جاری ہے۔
مزید پڑھیں : مختلف تعلیمی اداروں سےچھ کلو سے زائد منشیات برآمد،20ملزمان گرفتار
یاد رہے گذشتہ ماہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں میں کارروائی کرکے چھ کلو سے زائد منشیات برآمد کر کے بیس ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا، برآمد ہونے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت 7 ارب روپے تھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈی جی اے این ایف کی ہدایت پرتعلیمی اداروں میں چیکنگ جاری ہے، اےاین ایف نے مزید تعلیمی اداروں کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدیں ہیں۔