پولیس پر حملہ کیس :‌ صنم جاوید کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

صنم جاوید

لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے حملہ کیس میں پی ٹی آٸی ایکٹوسٹ صنم جاوید کا تین دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آٸی ایکٹوسٹ صنم جاوید کی پانچویں مقدمے میں گرفتاری کیس کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی۔

پولیس نے نئے مقدمہ میں جسمانی ریمانڈ کیلئےصنم جاوید کو عدالت میں پیش کیا ، پراسیکیوٹر نے بتایا کہ صنم جاوید اور دیگر کارکنان نے زمان پارک کے باہر پولیس پر پیٹرول بم پھینکے اور زمان پارک میں ڈی آئی جی پر تشدد کیا گیا پولیس کی گاڑیاں جلائی گئیں۔

پراسیکیوٹر کے مطابق صنم جاوید نے زمان پارک کے باہر اشتعال انگیز تقاریر کیں اور کارکنوں کو پولیس پر حملہ ہر اکسایا۔

تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزمہ کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا ہے جسمانی ریمانڈ دیا جائے، صنم جاوید اور دیگر نے کار سرکار میں رکاوٹ پیدا کی اور جلاؤ گھیراؤ کیا۔

عدالت نے صنم جاوید کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ، صنم جاوید پر ریس کورس پولیس اسٹیشن میں پولیس پر حملہ کا مقدمہ درج ہے۔