تصاویر لیک: پولیس نے عالیہ بھٹ سے رابطہ کرلیا

عالیہ بھٹ

ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ کی نجی تصاویر لیک ہونے پر پولیس نے ملزمان کے خلاف شکایت کیلیے ان سے رابطہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کھار پولیس نے عالیہ بھٹ کی ٹیم سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ کیا وہ تصاویر لیک کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتی ہیں یا نہیں؟

کھار پولیس تھانے کے ایک سینئر حکام نے میڈیا کو بتایا کہ اگر عالیہ بھٹ تحریری شکایت دیں تو ہم کارروائی کیلیے تیار ہیں اور اس معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات ہوگی۔

عالیہ بھٹ نے گزشتہ روز اپنی نجی تصاویر لیک کرنے والے پاپرازی (فوٹوگرافر) پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

فنکارہ کے گھر سے کچھ ہی فاصلے پر واقعے عمارت کی چھت سے ان کی تصاویر اُس وقت لی گئیں جب وہ اپنے گھر کے لونگ روم (LIVING ROOM) میں آرام کر رہی تھیں۔

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر لیک ہونے والی تصاویر شیئر کرتے ہوئے پاپرازی کو مخاطب کیا اور لکھا کہ ’کیا آپ مجھ سے مذاق کر رہے ہیں؟ میں کمرے میں پُرسکون بیٹھی تھی تب مجھے محسوس ہوا کہ کوئی مجھے دیکھ رہا ہے۔ جب میں نے نظر اٹھا کر دیکھا تو برابر والی بلڈنگ کی چھت پر دو لوگ میری طرف کیمرہ کیے ہوئے تھے۔‘

بالی وڈ اسٹار نے مزید لکھا کہ اس حرکت کی اجازت کس معاشرے میں دی جاتی ہے؟ یہ کسی کی رازداری پر حملہ ہے، یہ ایک ایسی لائن ہے جسے عبور نہیں کیا جا سکتا، بدقسمتی سے آج تمام لائنیں پار کر دی گئیں۔

عالیہ بھٹ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ممبئی پوسٹ کو بھی مینشن کیا تھا جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ تصاویر لیک کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتی ہیں۔